کراچی:نیپرا نے کے الیکٹرک کے خلاف شکایات کے لیے کراچی میں اپنا دفترقائم کر دیا۔نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی دفتر میں صارفین کے الیکٹرک کے خلاف شکایات درج کراسکتے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متنازعہ بلوں کا فیصلہ ہونے تک صارف بل جمع نہیں کرائے گا، جبکہ ایسے متنازعہ بلز کا فیصلہ آنے تک کے الیکٹرک صارف کی بجلی بھی منقطع نہیں کریگا۔
واضح رہے کہ نیپرا نے 10 جولائی کو کراچی میں بہت زیادہ لوڈشیڈنگ کے معاملے پر اسلام آباد میں عوامی سماعت کی تھی۔ کراچی میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔
اتھارٹی نے سماعت کے بعد ڈی جی مانیٹرنگ اینڈ انفورسمنٹ نادر کھوسو کی سربراہی میں چار رکنی ٹیم کو کراچی جاکر کے الیکٹرک کی طرف سے بہت زیادہ لوڈشیڈنگ کے معاملے کی انکوائری کا حکم دیا تھا۔