اسلام آباد: عالمی اقتصادی فورم نے ایک ویڈیو کے ذریعے وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کے قابلِ تعریف طرزِ حکومت اور بلین ٹری سونامی منصوبے کی افادیت کا عالمی سطح پر اعتراف کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ایک تیر سے دو شکار کیے ہیں۔ ہم نے لوگوں کو ملازمتیں بھی دیں اور انہیں درخت لگانے کے کام میں بھی مصروف کردیا، جس سے ملک میں سبز انقلاب آئے گا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے ورلڈ اکنامک فورم (عالمی اقتصادی فورم) کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں بتایا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان لاک ڈاؤن کے دوران درخت لگانے پر عوام کو معاوضہ دے رہی ہے جبکہ لوگوں کو درختوں کے بیج بونے پر 3 امریکی ڈالر یومیہ اجرت دی جاتی ہے۔
عالمی اقتصادی فورم کے مطابق 3 ڈالر یومیہ اجرت سے وہ لوگ اپنا گھر چلاتے ہیں اور لاک ڈاؤن کے باوجود ملکی معیشت کا پہیہ بھی چلتا رہتا ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے درخت لگانے کی ہزاروں ملازمتیں تخلیق کردی ہیں۔ لوگ چھوٹے چھوٹے پودے لگا کر گھر چلا رہے ہیں۔
اقتصادی فورم کے مطابق عوام جو پودے لگا رہے ہیں وہ نشوونما پا کر بڑے جنگلات بن جائیں گے جبکہ لاک ڈاؤن کی سخت پابندیوں کو درخت لگانے والے کارکنان کیلئے نرم کردیا گیا ہے۔ درخت لگانے والے لوگ ماسک پہن کر سماجی فاصلے کے اہتمام کےساتھ اپنا کام جاری رکھتے ہیں۔
ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان کے شجر کاری کے 5 سالہ منصوبے کے دوران 10 ارب درخت لگائے جائیں گے جبکہ یہ منصوبہ وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے 2018ء میں شروع کیا تھا تاکہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹ سکے۔
Killing two birds with one stone: giving people employment as well planting trees. pic.twitter.com/ZrYs6ZarO3
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 1, 2020