آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں ایک افسوسناک حادثے کے نتیجے میں اسکول جانے والے چار بچے جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔ بچوں کو اسکول چھوڑنے جانے ولای گاڑی نگدر کناری کے قریب بے قابو ہو کر دریائے نیلم میں جا گری جس کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
پولیس کے مطابق گاڑی میں سوار بچے اسکول جا رہے تھے کہ راستے میں یہ حادثہ پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور دریا میں گرنے والی گاڑی میں سوار بچوں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ امدادی اہلکاروں نے کارروائی کے دوران چار بچوں کی لاشیں دریائے نیلم سے نکالیں جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے پانچ بچوں کو طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثے کے نتیجے میں کمسن بچوں کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے پر متاثرہ خاندانوں کو شدید صدمے کا سامنا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں افسوس اور تشویش کی فضا پائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کے وقت بچے اسکول جا رہے تھے تاہم ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ گاڑی کس وجہ سے بے قابو ہو کر دریا میں گری۔
یہ افسوسناک واقعہ بچوں کی محفوظ آمدورفت اور پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران حفاظتی اقدامات کی اہمیت کو ایک بار پھر نمایاں کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








