اداکارہ ونیزہ ستار نے سابق پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے مبینہ شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض افراد محض ویوز حاصل کرنے کے لیے مشہور شخصیات کے بارے میں بے بنیاد خبریں پھیلاتے ہیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک وائرل ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ ’اوہ میرے خدا! پھر سے نہیں!۔

ونیزہ ستار کا کہنا تھا کہ دنیا میں گفتگو کے لیے بے شمار موضوعات موجود ہیں لیکن کچھ لوگ توجہ حاصل کرنے کی خاطر دوسروں کے بارے میں من گھڑت خبریں پھیلانے کو ترجیح دیتے ہیں۔
اس سے قبل بھی اداکارہ مختلف ٹی وی پروگراموں میں شعیب ملک سے متعلق شادی کی افواہوں پر وضاحت دے چکی ہیں۔ ان کے مطابق ان کی شعیب ملک سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔ انہوں نے ان خبروں کے آغاز اور ان کے پس منظر پر بھی سوالات اٹھائے تھے۔
ونیزہ ستار نے بتایا کہ ابتدا میں انہوں نے ان افواہوں کو مذاق سمجھا تاہم معاملہ اس وقت پریشان کن ہوگیا جب ان کے دوستوں اور رشتہ داروں نے ان کے اہلِ خانہ سے رابطہ کرکے خبروں کی حقیقت جاننے کی کوشش کی۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ معروف شخصیات کی نجی زندگی سے متعلق غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں اور کسی بھی خبر کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








