کینیڈا نے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے آنے والے بین الاقوامی طلباء بالخصوص ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) کے امیدواروں کے لیے ویزا کا عمل انتہائی تیز اور سہل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے متعارف کروائے جانے والے ان نئے اقدامات کا مقصد دنیا بھر سے بہترین تعلیمی صلاحیتوں اور ذہین دماغوں کو اپنی طرف متوجہ کرنا ہے۔
امیگریشن حکام کے مطابق اب ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی سطح پر داخلہ لینے والے طلباء کے اسٹڈی پرمٹ کی منظوری کا پورا عمل محض دو ہفتوں کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ اس تیز رفتار طریقہ کار سے طلباء کو طویل انتظار کی زحمت سے نجات ملے گی۔ اس کے علاوہ رواں برس جنوری سے سرکاری تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے گریجویٹ طلباء کو صوبائی یا علاقائی تصدیقی خط یعنی پی ایل ایل جمع کروانے کی شرط سے بھی مکمل استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت اعلیٰ تعلیمی سطح کے ان طلبا کو مزید مراعات بھی دی جا رہی ہیں جن میں وہ سہولت بھی شامل ہے جس کے ذریعے وہ اپنے اہل خانہ کو بھی ساتھ رکھ سکتے ہیں۔ تعلیم کا یہ سفر تمام ہونے کے بعد ان نوجوانوں کے لیے پوسٹ گریجویشن ورک پرمٹ کا دروازہ بھی کھلا رہے گا تاکہ وہ عملی میدان میں قدم رکھ سکیں۔
اگرچہ حالیہ مہینوں میں کینیڈا آنے والے غیر ملکی طلباء کی مجموعی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم حکومتی اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ مجموعی تعداد میں کمی کے باوجود ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے طلباء کا تناسب گزشتہ سال کے بارہ فیصد سے بڑھ کر اکیس فیصد تک جا پہنچا ہے جو اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں حکومت کی ترجیحات کا واضح مظہر ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








