لانڈھی میں خوفناک آتشزدگی! دوسری فیکٹری بھی شعلوں کی زد میں، علاقے میں ہنگامی صورتحال

تازہ ترین

تازہ ترین

لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں ایک گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ نے شدت اختیار کرتے ہوئے قریب واقع دوسری فیکٹری کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ کی شدت کے باعث فیکٹری کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جبکہ واقعے کو تیسرے درجے کی آتشزدگی قرار دیا گیا ہے۔

سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے لیے 16 فائر ٹینڈرز، ایک واٹر باؤزر اور اسنارکل موقع پر موجود ہیں اور امدادی ٹیمیں مسلسل شعلوں پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق فیکٹری میں دھواں بھرنے سے ابتدائی طور پر 3 افراد بے ہوش ہوگئے تھے تاہم بعد ازاں فیکٹری کے اندر موجود تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔

سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق رینجرز اہلکار بھی امدادی کارروائیوں میں شامل ہوگئے ہیں اور صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔ رینجرز اہلکار فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مل کر آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لانڈھی کی گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو مزید فائر ٹینڈرز اور ضروری امدادی سامان فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچانے کی ہدایت کردی ہے۔

Related Posts