وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی کو وفاقی علاقہ بنانے سے بظاہر شہر کے کئی مسائل حل ہو سکتے ہیں اور اس تجویز پر غور کرنے میں کوئی حرج نہیں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام پر قومی سطح پر بحث خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں تمام سیاسی جماعتوں، متعلقہ فریقوں اور عوام کو شامل کیا جانا چاہیے اور کسی بھی فیصلے سے قبل اتفاقِ رائے پیدا کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق بحث میں عوامی مفاد کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق ایسا کوئی فیصلہ مسلط نہیں کیا جائے گا بلکہ آئینی اور جمہوری طریقہ کار کے تحت اتفاقِ رائے سے کیا جائے گا۔
طارق فضل چوہدری نے کالا باغ ڈیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ سیاسی تنازعات کی نذر ہوگیا، جبکہ بھارت نے 1950 میں صوبائی تنظیمِ نو کے لیے کمیشن قائم کیا اور وہاں وقت کے ساتھ متعدد نئے صوبے تشکیل دیے گئے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بلدیاتی نظام اپنی اہمیت کے باوجود نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کا متبادل نہیں بن سکتا۔ ان کے بقول آبادی اور انتظامی ضروریات کے مطابق نئے صوبوں کو وسائل اور اختیارات ملتے ہیں، اس لیے اس معاملے پر سنجیدہ قومی مکالمہ ہونا چاہیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








