کراچی کے علاقے کورنگی الفلاح سوسائٹی بلاک سی میں ایک برقع پوش خاتون کو دن دہاڑے مبینہ طور پر جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا، واقعہ جمعہ کو سامنے آیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور شہر میں بڑھتے ہوئے ہراسانی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل سوار شخص سڑک عبور کرنے والی خاتون کو مبینہ طور پر ہراساں کر رہا ہے۔
پولیس شکایت کے مطابق یہ واقعہ 18 اگست کی صبح تقریباً 7 بجے پیش آیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مئی میں بھی کراچی پولیس نے عوامی احتجاج کے بعد ایک موٹر سائیکل سوار شخص کو گرفتار کیا تھا، جس پر کورنگی نمبر 6 / سیکٹر 51-B میں ایک خاتون کو سرِعام ہراساں کرنے کا الزام تھا۔ اس واقعے کی سی سی ٹی وی اور موبائل ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق عوامی کالونی/زمان ٹاؤن تھانے کی حدود سے تعلق رکھنے والے محمد دانش نامی شخص کو گرفتار کیا گیا تھا۔
حکام کا کہنا تھا کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملزم نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے حلیہ تبدیل کیا اور داڑھی بھی منڈوا لی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








