حکومت پاکستان اور گوگل کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہوگئے، جس کے تحت پاکستانی طلبا کو مفت جیمینائی اے آئی پلس، نوٹ بک ایل ایم اور گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں ہونے والی تقریب میں ایم او یو پر دستخط کیے گئے، جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ معاہدے کا مقصد پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اور ڈیجیٹل معیشت کو 2030 تک 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے تعاون کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور نئی مہارتوں کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے گا، جبکہ ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کی بہتری اور نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
معاہدے کے تحت 2026 میں پاکستانی نوجوانوں کو ڈیڑھ لاکھ گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس فراہم کیے جائیں گے، جبکہ طلبا کو ایک سال کے لیے گوگل اے آئی پلس اور جیمینائی نوٹ بک تک مفت رسائی دی جائے گی۔
اسلام آباد میں اے آئی سینٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جائے گا جہاں پاکستانی نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ایف بی آر کی ڈیجیٹل تبدیلی، عوامی خدمات کو جدید بنانے اور مختلف شعبوں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔
زرعی شعبے میں فصلوں کی نگرانی اور پیداوار کے تخمینے کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، جبکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی میں مدد فراہم کی جائے گی۔
معاہدے کے تحت مقامی ایپ ڈویلپرز، گیمنگ اسٹوڈیوز اور ڈیجیٹل پیمنٹس ایکو سسٹم کو بھی مضبوط بنایا جائے گا۔ آئی ٹی برآمدات میں اضافے کی راہ میں رکاوٹیں دور کرنے کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس قائم کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








