مودی حکومت کا پاکستان پر ایک اور وار، کیا پاکستانی ہائی کمیشن کی سکیورٹی واپس لے لی گئی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

نئی دہلی میں مودی حکومت پاکستان پر ایک اور وار کردیا۔ بھارتی  حکام نے پاکستان ہائی کمیشن کے باہر قائم بیرونی سکیورٹی حصار، رکاوٹیں اور دیگر تنصیبات ہٹا دیں،بھارتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ہٹائی جانے والی بعض رکاوٹیں اور انفراسٹرکچر ہائی کمیشن کی مقررہ حدود سے باہر قائم تھے۔

پاکستانی ہائی کمیشن کے ویزا سیکشن کے قریب درخواست گزاروں کی قطاروں کو منظم کرنے کیلئے نصب ڈھانچے بھی ختم کردئیے گئے۔ تاحال بھارتی حکومت نے اس کارروائی کی کوئی سیاسی وجہ بیان نہیں کی۔ تاہم بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر اسی نوعیت کی رکاوٹیں ہٹائے جانے کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی جب پاک بھارت تعلقات گزشتہ کئی سال سے مسلسل اتار چڑھاؤ کا شکار ہیں۔ اپریل اور مئی 2025 کے دوران دونوں ممالک جوہری طاقت ہونے کے باوجود شدید تنازعے کا شکار رہے۔ بھارت نے آپریشن سندور کے نام پر پاکستان کے خلاف بلا اشتعال کارروائی کی جبکہ پاکستان نے اس کا جواب آپریشن بنیان المرصوص سے دیا۔

اپریل اور مئی کے مابین دونوں ممالک کے مابین بد ترین فوجی کشیدگی میں سفارتی اقدامات کو بھی اہمیت حاصل ہے، جس کے بعد دونوں ممالک میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے کے مطابق امریکا نے صلح کروائی جسے بھارت آج تک ماننے سے انکاری ہے اور اس جنگ بندی کے بعد بھی باہمی اعتماد کی بحالی تاحال ایک بڑا چیلنج ہے۔

کیا سکیورٹی واپس لی گئی ہے؟

بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن کی سکیورٹی بھی واپس لے لی ہے، تاہم بھارتی میڈیا نے ایسی کسی اطلاع کی تصدیق نہیں کی، نہ ہی تاحال پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے کوئی وضاحت جاری کی گئی ہے۔

Related Posts