کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر رضا ہارون کے گھر کے باہر کھڑی گاڑی کو چوروں نے نشانہ بنا دیا۔ واردات میں گاڑی کا فرنٹ پینل اور الیکٹرانک کنٹرولر سمیت مختلف سامان چوری کرکے ملزمان فرار ہوگئے، جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کے مطابق دو مشتبہ افراد صبح تقریباً 6 بجے موٹر سائیکل پر سوار ہوکر رضا ہارون کی رہائش گاہ کے باہر پہنچے۔ ملزمان نے پہلے گھر کے مرکزی گیٹ کو باہر سے لاک کیا اور اس کے بعد گھر کے باہر کھڑی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ملزم موٹر سائیکل پر گیٹ کے قریب موجود رہا جبکہ دوسرے نے گاڑی کا شیشہ توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔
گاڑی میں داخل ہونے کے بعد ملزم نے دروازہ کھولا اور گاڑی کے فرنٹ پینل سمیت مختلف اشیا نکال لیں۔ واردات مکمل کرنے کے بعد دونوں ملزمان موٹر سائیکل پر سوار ہوکر موقع سے فرار ہوگئے۔
رضا ہارون کے مطابق انہیں واردات کا علم صبح تقریباً ساڑھے 10 بجے اس وقت ہوا جب وہ گھر سے باہر جانے کے لیے نکلے۔ اس دوران انہوں نے دیکھا کہ گھر کا مرکزی گیٹ باہر سے بند تھا جس کے بعد گاڑی کا جائزہ لینے پر چوری کا انکشاف ہوا۔
واقعے کے بعد کراچی میں شہریوں اور اہم شخصیات کی املاک کے تحفظ سے متعلق سکیورٹی صورتحال پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ پی ای سی ایچ ایس جیسے علاقے میں گھر کے باہر کھڑی گاڑی کو نشانہ بنائے جانے سے شہر میں اسٹریٹ اور پراپرٹی کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








