غیرت کے نام پر بجلی کے جھٹکے لگا کر جوان لڑکی کی جان لے لی! سفاک باپ اور بھائی گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بہاولنگر میں نام نہاد غیرت کی بھینٹ ایک اور بے گناہ جان چڑھ گئی۔ سفاکیت کی انتہا کرتے ہوئے والد اور بھائیوں نے مبینہ طور پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد جواں سال لڑکی کو بجلی کا کرنٹ لگا کر قتل کر ڈالا اور جرم پر پردہ ڈالنے کے لیے اسے حادثے کا رنگ دے کر خاموشی سے دفن بھی کر دیا۔

ایف آئی آر اور خونی رشتوں کا مکروہ کھیل

مقدمے کی ایف آئی آر کے مطابق سفاک ملزمان نے پہلے مظلوم لڑکی کو شدید جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اسے بجلی کا کرنٹ لگا کر ہمیشہ کے لیے سلا دیا گیا۔ اس گھناؤنے فعل کے بعد واقعے کو محض کرنٹ لگنے سے ہونے والی حادثاتی موت ظاہر کیا گیا اور راتوں رات مقتولہ کی تدفین بھی کر دی گئی تاکہ حقیقت دبی رہے۔

ڈی پی او کا فوری نوٹس اور گرفتاری

خفیہ مخبر کی اطلاع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بہاولنگر نے اس لرزہ خیز واقعے کا فوری نوٹس لیا اور حرکت میں آتے ہوئے برق رفتار کارروائی کی۔ پولیس نے اس کارروائی کے دوران دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

مقدمہ، اعترافِ جرم اور قبر کشائی

پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد اور بھائیوں سمیت کُل چار ملزمان کے خلاف خود پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے اپنے اس بھیانک جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

ڈی پی او نے مزید بتایا ہے کہ واقعے کے تمام حقائق اور اصل وجوہات سامنے لانے کیلئے اب مقتولہ کی قبر کشائی کرکے پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا جسکی رپورٹ کی روشنی میں آئندہ کی مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Related Posts