امریکی پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ کے گانے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم اور وائٹ ہاؤس کی بعض سوشل میڈیا پوسٹس سے اچانک ہٹا دیے گئے۔ گلوکارہ کے گانوں کے استعمال اور بعد ازاں انہیں پوسٹس سے ہٹائے جانے کے معاملے نے امریکی سیاسی اور سوشل میڈیا حلقوں میں توجہ حاصل کرلی ہے۔
روئٹرز کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران وائٹ ہاؤس اور ٹرمپ کی انتخابی مہم کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی بعض ویڈیوز میں ٹیلر سوئفٹ کے گانے استعمال کیے گئے تھے، تاہم بعد میں ان گانوں کو متعلقہ پوسٹس سے ہٹا دیا گیا۔ وائٹ ہاؤس اور گلوکارہ کے نمائندگان نے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی۔
ٹیلر سوئفٹ نے حالیہ عرصے میں صدر ٹرمپ کے حوالے سے کوئی نیا بیان نہیں دیا، تاہم امریکی صدارتی انتخابات 2024 کے دوران انہوں نے ٹرمپ کے ڈیموکریٹک حریف اور اس وقت کی نائب صدر کملا ہیرس کی حمایت کی تھی۔ اس سے قبل 2020 کی انتخابی مہم کے دوران بھی سوئفٹ نے ٹرمپ پر تنقید کی تھی۔
ٹرمپ بھی ماضی میں متعدد مواقع پر ٹیلر سوئفٹ کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ کملا ہیرس کی حمایت کے بعد سابق امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر سوئفٹ کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اپنی ناراضی ظاہر کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ مہم نے گزشتہ ہفتے اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر ٹیلر سوئفٹ کے دو گانے استعمال کیے تھے۔ اس سے قبل جون میں بھی ٹرمپ مہم نے مختصر ویڈیوز کے پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں سوئفٹ کا گانا استعمال کیا گیا تھا۔
ویڈیو میں صدر ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں بچوں سے ملاقات کرتے، یو ایف سی مقابلے میں رقص کرتے اور انتخابی جلسے کے دوران دکھایا گیا تھا۔ یہ حالیہ مہینوں میں تیسرا موقع تھا جب ٹرمپ انتظامیہ یا ان کی انتخابی مہم نے گریمی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ کا کوئی گانا اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں شامل کیا۔
رپورٹ کے مطابق اپریل میں وائٹ ہاؤس کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں بھی ٹیلر سوئفٹ کا گانا استعمال کیا گیا تھا۔ ویڈیو میں آرٹیمس ٹو مشن کے عملے کی صدر ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات دکھائی گئی تھی۔
اسی طرح وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایک اور ٹک ٹاک ویڈیو میں بھی سوئفٹ کے گانے کو شامل کیا گیا تھا۔ اس ویڈیو میں امریکی پرچم، مختلف قومی یادگاروں اور صدر ٹرمپ کی متعدد تصاویر دکھائی گئی تھیں۔
ٹیلر سوئفٹ کے گانوں کے استعمال پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آتا رہا ہے۔ سوئفٹ کے علاوہ سبرینا کارپنٹر اور آریانا گرانڈے سمیت متعدد فنکار ماضی میں ٹرمپ انتظامیہ سے اپنے گانوں کے استعمال پر اعتراض کرچکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق معروف فنکاروں کے گانوں کو سیاسی مہمات میں استعمال کرنا اکثر تنازع کا باعث بنتا ہے، خصوصاً اس وقت جب فنکار خود کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کی حمایت نہ کرتا ہو۔ تاہم ٹیلر سوئفٹ کے گانے ہٹانے کی مخصوص وجہ کے حوالے سے وائٹ ہاؤس یا ان کی ٹیم کی جانب سے تاحال کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








