کوٹری بیراج پر 32 سالہ خاتون کی خودکشی کی کوشش، رکشہ ڈرائیور نے زندگی بچالی

تازہ ترین

تازہ ترین

رکشہ ڈرائیور
(فوٹو: آن لائن)

حیدرآباد: تالاب نمبر 3 بینظیر چوک کی رہائشی 32 سالہ خاتون  نے گھریلو اختلافات سے دلبرداشتہ ہو کر کوٹری بیراج پر دریائے سندھ میں چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی، تاہم رکشہ ڈرائیور نے سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی زندگی بچا لی۔

تفصیلات کے مطابق رکشہ ڈرائیور نے خاتون کی خودکشی کے ارادے کو بھانپ لیا۔ ڈرائیور کی بروقت اطلاع اور ریسکیو 1122 کی فوری کارروائی کے باعث جواں سال خاتون کی جان بچا لی گئی۔خودکشی کی کوشش کرنے والی خاتون کی شناخت شمائلہ پیرزادہ کے نام سے ہوئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شمائلہ پیرزادہ کے اپنے شوہر عدیل پیرزادہ سے گھریلو معاملات پر اختلافات چل رہے تھے۔ خاتون چاہتی تھیں کہ وہ شوہر کے ساتھ الگ گھر میں رہیں، تاہم شوہر اس پر رضامند نہیں تھا۔اسی ناراضی کے باعث شمائلہ نے رکشہ کرائے پر لیا اور کوٹری بیراج پہنچیں۔

کوٹری بیراج لے کر جانے والے رکشہ ڈرائیور کو خاتون کی ذہنی پریشانی کا اندازہ ہوا تو اس نے فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور خاتون کو بحفاظت اپنی تحویل میں لے لیا۔ ریسکیو عملے کے مطابق خاتون شدید پریشانی کی حالت میں تھیں۔

ریسکیو 1122 نے پولیس مددگار 15 کو بھی اطلاع دی، جس کے بعد پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور خاتون سمیت ان کے اہلِ خانہ کے بیانات قلمبند کیے۔ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ان کا شوہر انہیں الگ گھر لے کر نہیں دیتا، جس سے تنگ آکر انہوں نے خودکشی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر خاتون کے شوہر عدیل پیرزادہ اور ان کے بھائی بھی کوٹری بیراج پہنچ گئے۔ ریسکیو 1122 اور پولیس کی موجودگی میں دونوں فریقوں کے درمیان معاملہ افہام و تفہیم سے حل کر لیا گیا، جس کے بعد خاتون کو اہلِ خانہ کے ہمراہ بحفاظت گھر روانہ کر دیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے عملے نے رکشہ ڈرائیور کی بروقت اطلاع اور سمجھداری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے فوری طور پر اطلاع نہ دی ہوتی تو کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔

Related Posts