دادو: کنڈیارو میں تیز رفتار مسافر کوچ نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 3 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔مسافر کوچ کے تصادم کے باعث متاثرہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک حادثہ قومی شاہراہ پر قابل منگریو بس اسٹاپ کے قریب پیش آیا۔ شدید نوعیت کے تصادم کے باعث موٹر سائیکل سوار تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور لاشوں کو قانونی و طبی کارروائی کے لیے تعلقہ اسپتال کنڈیارو منتقل کردیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی کے علاقے کورنگی میں شاہراہِ بھٹو ٹول پلازہ کے قریب ایک تیز رفتار ایس یو وی نے سوزوکی پک اپ کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 20 سالہ نوجوان خاتون جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کے باعث پک اپ الٹ گئی۔
پولیس اور ریسکیو حکام کا بدھ کے روز کہنا تھا کہ پک اپ قیوم آباد سے قائد آباد جا رہی تھی کہ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار گاڑی نے اسے ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ پک اپ الٹ گئی اور اس میں سوار متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








