کراچی میں جلی ہوئی لاش کا معما حل، 55 کروڑ قرض سے بچنے کیلئے تاجر کا ڈراما نکلا

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن زیرو پوائنٹ کے قریب گاڑی سے ملنے والی جلی ہوئی لاش کے پراسرار کیس کا معمہ حل کر لیا گیا۔ پولیس کی جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تحقیقات کے مطابق چاول کے تاجر ذیشان ناز نے مبینہ طور پر 55 کروڑ روپے سے زائد کے قرض سے بچنے اور سرمایہ کاروں کو دھوکا دینے کے لیے اپنی موت کا ڈرامہ رچایا۔

پولیس کے مطابق گاڑی سے ملنے والی جلی ہوئی لاش ذیشان ناز کی نہیں بلکہ مظفرگڑھ کے رہائشی قربان حسین کی تھی، جسے مبینہ طور پر گاڑی میں رکھ کر سلنڈر کے ذریعے آگ لگائی گئی تاکہ اسے تاجر کی لاش ظاہر کیا جا سکے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کا اے سی چلنے کی وجہ سے گاڑی مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئی، جس کے باعث پولیس کو ذیشان ناز کے نام کا شناختی کارڈ، موبائل فون اور دیگر اشیا ملیں۔

پولیس کے مطابق ذیشان ناز کی اہلیہ نے بھی جلی ہوئی لاش کو اپنے شوہر کی لاش قرار دیا تھا، تاہم تحقیقات میں تضادات سامنے آنے کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس ذیشان ناز کی تلاش اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔

Related Posts