گندی ویڈیوز کے ذریعے خواتین کو بلیک میل کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب، 3 شہروں سے 4 ملزمان گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے خواتین کو آن لائن ہراساں کرنے، دھمکانے اور قابل اعتراض مواد کے ذریعے بلیک میل کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔

حکام کے مطابق لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ لاہور سے ہارون قریشی نامی ملزم کو خواتین کو مسلسل ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

فیصل آباد میں میاں بیوی کو قابل اعتراض مواد کے ذریعے بلیک میل کرکے رقم وصول کرنے والے عبدالرحمان اور محمد ایاز کو حراست میں لیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2 موبائل فونز، واٹس ایپ نمبرز اور متعدد خواتین کا مبینہ قابل اعتراض مواد برآمد کیا گیا۔

اسی طرح ملتان میں خاتون کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے اور بلیک میلنگ میں ملوث ملزم فرہاد عباس کو گرفتار کر لیا گیا۔

این سی سی آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے برآمد ہونے والے ڈیجیٹل شواہد کی فرانزک جانچ جاری ہے، جبکہ مزید انکشافات متوقع ہیں۔ حکام نے شہریوں خصوصاً خواتین سے اپیل کی ہے کہ آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ یا دھمکیوں کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔

Related Posts