پنجاب حکومت نے راولپنڈی میں بڑی اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے تبادلے کردئیے جبکہ سی پی او راولپنڈی کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے راولپنڈی کے کمشنر محمد عبدالعامر خٹک اور ڈی سی راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کا تبادلہ کردیا جبکہ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کو عہدے سے ہٹا دیا۔ کمشنر راولپنڈی محمد عبدالعامر خٹک کو ایس این جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی سی راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کا تبادلہ کرکے انہیں محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت دے دی گئی۔ اسی طرح ڈی سی فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کو ڈی سی راولپنڈی تعینات کردیا گیا۔ سی پی او راولپنڈی کو سی پی او لاہور رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا۔
حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت حسن مشتاق سکھیرا نئے سی پی او راولپنڈی ہوں گے جنہیں اس سے قبل لاہور میں ڈی آئی جی اپریشنز سی ٹی ڈی تعینات کیا گیا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی صدر حاکم خان کو محکمہ سروسز رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن محمد اختر کو اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی صدر تعینات کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں محسن اقبال اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن بن گئے۔ تقرری کے منتظر رب دینو کو اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں تعینات کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








