ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ نصرت بھروچا نے واضح انداز میں کہا ہے کہ تنقید اُن کے نظریات یا طرزِ زندگی کو متاثر نہیں کر سکتی اور وہ اپنے عقیدے پر مکمل یقین رکھتی ہیں، ان کا کہنا ہے ’’میں دن میں پانچ مرتبہ نماز ادا کرتی ہوں اور مجھے اس سے کوئی روک نہیں سکتا۔‘‘
نصرت بھروچا نے حالیہ انٹرویو میں اپنی نئی فلم ’’چھوری 2‘‘ کی پروموشن کے دوران مندروں کے دوروں اور وہاں ان کے لباس پر ہونے والی تنقید کا جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ ان کے مذہب اور پہناوے پر نکتہ چینی کرتے ہیں، لیکن ان کا ایمان ان سب سے بالاتر ہے۔
نصرت بھروچا نے کہا، ’’میرے لیے میرا ایمان بالکل حقیقی ہے۔ جب دنیا میں غیر حقیقی اور عجیب باتیں رونما ہوتی ہیں، تو میرا یقین مزید مضبوط ہو جاتا ہے۔ اسی لیے میں آج بھی اپنے مذہب سے اتنی گہرائی سے جڑی ہوئی ہوں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’میں سمجھتی ہوں کہ جہاں سکون ملے، وہاں جانا چاہیے چاہے وہ مندر ہو، گردوارہ ہو یا چرچ۔ میں دن میں پانچ مرتبہ عبادت کرتی ہوں اور جب سفر پر ہوتی ہوں تو اپنی جائے نماز بھی ساتھ رکھتی ہوں۔‘‘
نصرت نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ چاہے وہ جہاں بھی جائیں یا کچھ بھی پہنیں، انہیں نا مناسب تبصروں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ’’جب میں اپنی تصویریں پوسٹ کرتی ہوں تو لوگ کہتے ہیں: ’یہ کیسی مسلمان ہے؟ اس کے کپڑے تو دیکھو‘۔‘‘
اداکارہ نے کہاکہ ’’میں ہمیشہ سے مانتی ہوں کہ خدا ایک ہی ہے، بس اسے پانے کے راستے مختلف ہیں اور میں چاہتی ہوں کہ ان تمام راستوں کو دریافت کروں۔ ناقدین کی رائے نہ مجھے بدل سکتی ہے اور نہ مجھے عبادت کرنے یا مندروں میں جانے سے روک سکتی ہے۔‘‘