اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کرتے ہوئے اسد عمر کو واپس کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انہیں خسرو بختیار کی جگہ وزیر برائے منصوبہ بندی اور اسپیشل انیشی ایٹو بنایا جائے گا۔
معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایاکہ وفاقی کابینہ میں توسیع اور رد و بدل کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں اسد عمر کو منصوبہ بندی اور اسپیشل انیشی ایٹو کا وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم کا قلمدان عمر ایوب سے لےکر خسرو بختیار کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزارتوں کا نوٹی فکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔
گزشتہ دنوں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ انہوں نے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اپریل میں اسد عمر نے وزیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد عبدالحفیظ شیخ کو وزیراعظم کا مشیر خزانہ بنایا گیاتھا،اسد عمران تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد بننے والی پہلی کابینہ میں وزیر خزانہ تھے۔