اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد پارٹی رہنماؤں کو اتحادیوں سے متعلق بیان بازی سے منع کردیا۔
با خبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد ہی نہیں پاکستان کے خلاف سازش بھی ناکام ہو گی، اتحادیوں سے متعلق معاملات کو افہام و تفہیم سے دیکھا جائیگا، حکومت کہیں جا رہی نہ اتحادی کہیں جا رہے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے 27مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں ہونے والے جلسے کی ذمہ داریاں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور پی ٹی آئی رہنما عامر کیانی کے حوالے کردی گئی ہیں۔
اس سے قبل وزیراعظم نے کہا تھا کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں، کیسز منطقی انجام تک پہنچنے کے باعث اپوزیشن کو جلدی ہے، اپوزیشن کی تحریک سے کوئی پریشانی نہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی، تحریک انصاف نے جارحانہ پالیسی جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت کور کمیٹی کے اجلاس میں عزم کا اظہار کیا گیا کہ کرپٹ ٹولے کو ملک کے عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا، ملک کے مزید شہروں میں جلسے کیے جائیں گے، ملک کی سیاسی صورتحال کے تناظر میں کور کمیٹی نے حتمی فیصلوں کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا۔
اجلاس میں اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا،حکمران جماعت نے ملک بھر میں سیاسی جلسے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، اس ضمن میں وزراء کوٹاسک سونپ دیا گیا۔
پی ٹی آئی کی حکومت کو اتحادیوں کے ساتھ کھڑا رہنے کی امید کا اظہار کیا گیا جبکہ شرکا کو بتایا گیا ابھی حکومت کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی جلد ی نہیں، حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں، اتحادی ساتھ ہی ہیں۔
مزید پڑھیں: عمران خان کیخلاف تحریکِ عدم اعتماد ناکام ہوگی۔62فیصد پاکستانیوں کی رائے