اللہ تعالیٰ نے پاکستا ن کو ہر موسم سے نوازا ہے، پاکستان میں موسم گرما ہیٹ ویو، بارش اور گرم ہواؤں کے ساتھ ساتھ کچھ مزیدار کھٹے میٹھے پھل بھی ساتھ لاتا ہے، فالسہ گرمی میں فرخت پہنچانے کا کام کرتا ہے۔
کھٹے میٹھے فالسے، چینی اور دکنی مرچ کے امتزاج سے بننے والا فالسہ جوس گرمی کی حدت کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ جسم کو توانائی اور تازگی بخشتا ہے۔ شہر قائد میں ہر جگہ فالسہ جوس باآسانی دستیاب ہے۔ ہم نے اپنے قارئین کیلئے کراچی کے 3 فالسہ جوس پوائنٹس کا انتخاب کیا جو پیش خدمت ہیں۔
بلال جوس
ڈی ایچ اے خیابان اتحاد میں واقع بلال جوس ہر سال گرمیوں میں شہریوں کو ٹھنڈا اور کھٹا میٹھا فالسہ جوس پیش کرتے ہیں۔بلال جوس کے مالک حاجی کلیم کا کہنا ہے کہ ہم ہرسال گرمیوں میں فالسہ جوس فروخت کرتے ہیں اور شہری ہمارا جوس بہت زیادہ پسند کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم روزانہ باآسانی 4 سے 5 سو گلاس جوس فروخت کرتے ہیں۔
جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ فالسہ جوس نا صرف جگر کے لئے فائدہ مند ہے بلکہ کینسر سے بھی بچاتا ہے،پاکستان میں فالسہ کا موسم صرف 40 دن تک رہتا ہے لہٰذا اگر آپ فالسہ جوس روزانہ پیتے ہیں تو آپ کئی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
فالسہ جوس جسم میں سرخ خون کے خلیے بناتا ہے اور آپ کو شدید گرم اور مرطوب موسم کے اثرات سے بھی بچاتا ہے،فالسہ جوس ہاضمہ درست کرتا ہے اور دل کے امراض میں بھی مفید ہے۔
اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ گرمی کتنی زیادہ ہے ، ٹھنڈا اورمزیدار فالسہ جوس آپ کو فوری فرحت کا احساس دلاتا ہے اور بلال جوس پر فالسے کا ٹھنڈا میٹھا جوس 130 روپے میں باآسانی دستیاب ہے۔
منظور کالونی جوس اسٹال
منظور کالونی میں واقع جوس اسٹال کے مالک کا کہنا ہے کہ فالسہ جوس گرمیوں موسم گرما کا خاص مشروب ہے،فالسہ جوس جسم سے جگر کے مسائل کو ختم کرتا ہے ،یہ مشروب انسانی جسم کو تقویت بخشتا ہے اور گرم موسم میں گرمی پر قابو پانے کی طاقت دیتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ آپ بھلے کی کم لیکن فالسہ جوس لازمی پئیں۔ منظور کالونی جوس اسٹال پر ٹھنڈا اور خالص فالسہ جوس فی گلاس انتہائی ارزاں قیمت یعنی 30 روپے میں عوام کو پیش کیا جارہا ہے۔
آغا قاسم جوس
اگر آپ واقعی فالسہ جوس کے شوقین ہیں تو آپ کو گلشن چورنگی کو عبور کرکے آغا قاسم جوس تک جانا ہوگا۔ آغا قاسم جوس کے عملے کا کہنا ہے کہ ہم ہر سال گرمیوں میں اپنے صارفین کو فرحت بخش فالسہ جوس پیش کرتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرنے اور ذہن وجسم کو ترتازگی بخشنے والے فالسہ جوس پینے کیلئے شہری دور دور سے یہاں آتے ہیں جہاں 100 روپے گلاس کے عوض شہریوں کی تواضع کی جاتی ہے۔