پونے: ورلڈ کپ کے 30 ویں میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔
افغانستان نے پونے میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 242 رنز کا ہدف 45.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
رحمان اللہ گرباز کو مدھوشنکا نے صفر پر پویلین روانہ کیا، رحمت شاہ نے 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ابراہیم زدران 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کپتان حشمت اللہ شاہدی 58 اور عظمت اللہ عمرزئی 73 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشنکا نے دو وکٹیں حاصل کیں، کسون راجیتھا نے ایک وکٹ حاصل کی، اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم 49.3 اوورز میں 241 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور افغانستان کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا تھا۔
اوپننگ بیٹر پاتھم نسانکا 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، کوشل مینڈس نے 39 رنز کی اننگز کھیلی، تھکشانا 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مجیب الرحمان نے دو اور راشد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل افغان کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ کوشش کریں گے کہ مثبت کرکٹ کھیلیں اور فتح حاصل کریں۔ آج کے میچ میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور فضل حق فاروقی کی واپسی ہوئی ہے۔
سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے مسلسل تیسرا میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں سری لنکا کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 11 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے 7 میں سری لنکا نے فتح حاصل کی ہے جب کہ افغان ٹیم نے 3 میچوں میں فتح حاصل کی ہے۔
ورلڈ کپ میں اب تک دونوں ٹیمیں دو بار ہی ٹکرائی ہیں اور ہر بار کامیابی نے سری لنکا کے قدم چومے ہیں۔