ٹیکساس: امریکا میں دو دہائیوں بعد مقامی سطح پر 5 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ماہرین صحت میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے ملک بھر میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
امریکا میں سالانہ تقریبا 2 ہزار ملیریا کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، تاہم ملیریا کی تشخیص دوسرے ممالک سے امریکا آنے والے افراد میں ہوتی ہے۔
عام طور پر امریکا میں وہی لوگ ملیریا سے متاثر ہوتے ہیں جو ایسے ممالک سے آتے ہیں، جہاں ملیریا کے کیسز عام ہیں لیکن اب دو دہائیوں بعد پہلی بار وہاں مقامی سطح پر بھی ملیریا کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
امریکی ریاست فلوریڈا اور ٹیکساس میں مقامی افراد میں ملیریا کی تشخیص کے بعد محکمہ صحت نے انتباہ جاری کرتے ہوئے حکام اور ڈاکٹرز کو مزید سخت انتظامات کرنے کی ہدایت کردی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران فلوریڈا میں 4 جب کہ ٹیکساس میں ملیریا کا ایک کیس رپورٹ ہوچکا ہے، جس سے ماہرین پریشان دکھائی دیتے ہیں۔
امریکا میں 2003 کے بعد پہلی بار مقامی سطح پر ملیریا کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد علاج کے بعد صحت مند ہو چکے ہیں، تاہم اس باوجود امریکا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
مزید پڑھیں:ملک بھر میں کینسر کے متعلق پہلی جائزہ رپورٹ جاری، تشویشناک انکشافات
ماہرین صحت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی اور موسم کے گرم ہونے کی وجہ سے امریکا میں مچھروں کی وہ اقسام پھیلنے کا امکان ہے جو ملیریا کا سبب بنتے ہیں۔