جنیوا: اقوامِ متحدہ کے ادارے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (عالمی ادارۂ صحت) نے کہا ہے کہ کورونا کے موجودہ اعدادوشمار حقیقت سے کم ہیں جبکہ دُنیا بھر میں 78 کروڑ افراد وائرس کا شکار ہوسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ادارۂ صحت کے ایگزیکٹو بورڈ کو کورونا کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے چیف ایمرجنسی آپریشنز ڈبلیو ایچ او مائیک ریان نے کہا کہ ہمارے بہترین تخمینوں سے پتہ چلا ہے کہ دُنیا کی کم و بیش 10 فیصد آبادی کورونا وائرس کا شکار ہوسکتی ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کے چیف ایمرجنسی آپریشنز نے کہا کہ کورونا وائرس کے مختلف اعدادوشمار کا انحصار دیہی و شہری آبادی کے تناسب، ممالک میں وائرس کی صورتحال اور مختلف گروہوں کے اعتبار سے مختلف ہے۔دُنیا بھر میں بڑی تعداد میں انسان کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے خدشے سے دوچار ہیں۔
ایمرجنسی آپریشنز چیف مائیک ریان نے کہا کہ یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور دیگر خطوں میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ افریقہ اور مغربی پیسفک خطوں میں کورونا کی صورتحال مزید خراب ہے جبکہ وائرس کا حملہ شدید سے شدید تر ہورہا ہے جبکہ انسانیت کے مستقبل کا انحصار کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عملدرآمد پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے دُنیا بھر میں 3 کروڑ 56 لاکھ افراد متاثر