اسٹیٹ بینک حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو تجویز دی ہے کہ 10 روپے کا نوٹ ختم کیا جائے، کیونکہ اس پر زیادہ لاگت آرہی ہے۔ آئندہ سب سے چھوٹا کرنسی نوٹ 20 روپے کا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو 10 روپے کے نوٹ کی بجائے سکہ جاری کرنے کی تجویز دی۔ منگل کے روز سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت کمیٹی اجلاس میں حکام نے نئے کرنسی نوٹوں کی تیاری، ڈیزائن، لاگت اور جعلی کرنسی پر بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے کمیٹی کو بتایا کہ مرکزی بینک نے 10 روپے کا کرنسی نوٹ ختم کرنے کی درخواست کر رکھی ہے جبکہ آئندہ جاری کیے گئے کرنسی نوٹوں میں 10 روپے کا نوٹ شامل نہیں کیا جائے گا۔ اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ جاری ہوگا۔
ڈپٹی گورنر ڈاکٹر عنایت حسین نے بتایا کہ 10 روپے کے کرنسی نوٹ کی تیاری زیادہ لاگت کی متقاضی ہے تاہم موجودہ کرنسی نوٹ فوری طور پر ختم کرنے کی بجائے نئے کرنسی نوٹ اور سکے جاری ہونے کے بعد مرحلہ وار ہوگی تاہم نئے کرنسی نوٹوں کا ابتدائی ڈیزائن مسترد ہوچکا ہے۔
مرکزی بینک کی جانب سے پیش کیا گیا نئے کرنسی نوٹوں کا ابتدائی ڈیزائن وزیر خزانہ کی زیر صدارت قائم کی گئی کمیٹی نے مسترد کیا۔ کمیٹی کی تجاویز پر نئے فیچرز اور ڈیزائن میں ضروری ترامیم کی جارہی ہیں تاکہ جعلی نوٹوں کی روک تھام کیلئے مزید جدید سکیورٹی شامل کی جاسکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








