کراچی سمیت ملک بھر میں آج 12 ربیع الاوّل کو جشن عید میلادالنبی ﷺ منایا جارہا ہے۔ ٹریفک پولیس نے 12 ربیع الاوّل (1448 ہجری) بمطابق 26 اگست کو نکلنے والے تمام جلوسوں کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ تمام متعلقہ ایس ایس پیز کو ہدایت دی گئی ہے کہ اپنے اضلاع میں نکلنے والے تمام جلوسوں کی نگرانی ذاتی طور پر کریں۔
تفصیلات کے مطابق 12 ربیع الاوّل کے 3 مرکزی جلوس میمن مسجد سے دوپہر 2 بجے کے بعد روانہ ہوں گے۔ مولانا یعقوب عطاری کے زیر قیادت جلوس شہید کھارادر سے دوپہر ڈھائی بجے روانہ ہو کر میمن مسجد سے ہوتا ہوا گلزارِ حبیب مسجد پر نماز عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔
اسی طرح مولانا اکبر درس کے زیر قیادت جلوس میمن مسجد سے دوپہر ڈھائی بجے روانہ ہو کر آرام باغ مسجد پر نماز عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔ مولانا شاہ عبدالحق قادری کے زیر قیادت مرکزی جلوس میمن مسجد سے دوپہر 3 بجے کے بعد روانہ ہوگا اور نشتر پارک پر تقریباً 6 بجے ختم ہوگا۔ اس حوالے سے ٹریفک کے متبادل راستے مندرجہ ذیل ہوں گے:
ڈسٹرکٹ سینٹرل کیلئے
ناظم آباد سے آنے والے شہریوں کو لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ کی جانب گارڈن سے ہوتے ہوئے اپنی منزل کی جانب روانگی کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ لیاقت آباد سے آنے والے افراد کو تین ہٹی سے بائیں جانب مڑ کر سینٹرل جیل (مارٹن روڈ) کی جانب جانا ہوگا۔
اسی طرح حسن اسکوائر سے پی پی چورنگی جانے والے افراد کو کشمیر روڈ سے سوسائٹی لائٹ سگنل(شاہراہِ قائدین) اور جیل فلائی اوور سے تین ہٹی سے نشتر روڈ (لسبیلا چوک) کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ کسی بھی قسم کی ٹریفک گرومندر سے نمائش نہیں جاسکے گی۔
برائے ڈسٹرکٹ ایسٹ
شاہراہِ فیصل سے شاہراہِ قائدین (نورانی کباب) سے نمائش جانے والے شہریوں کو سوسائٹی لائٹ سگنل سے دائیں جانب کشمیر روڈ سے اپنی منزل کی جانب روانہ ہونے جبکہ سنٹرل جیل گیٹ (جمشید روڈ) سے گرومندر ایم اے جناح روڈ کی جانب جانے والے شہریوں کو بھی گرومندر سے بہادر یار جنگ روڈ سولجر بازار سے اپنی منزل کو روانگی کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلع جنوبی (ڈسٹرکٹ ساؤتھ)
کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ گارڈن چڑیا گھر سے ایم اے جناح روڈ جانے والے افراد انکل سریا سے دائیں جانب گل پلازہ اور بائیں جانب کوسٹ گارڈ ہولی فیملی ہسپتال سے اپنی منزل کی جانب جاسکیں گے۔ اسی طرح لکی اسٹار سے ایم اے جناح روڈ براستہ ایمپریس مارکیٹ جانے والی ٹریفک کو صدر دوا خانہ سے پی پی چورنگی کی جانب روانہ کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ برنس روڈ کی جانب جانے والی ٹریفک کو عبداللہ ہارون روڈ سے ایم آر کیانی چوک کی جانب بھیجا جائے گا جہاں سے وہ اپنی منزل کی جانب جاسکیں گے۔ شہریوں کو ایم آر کیانی چوک سے کورٹ روڈ (کبوتر چورنگی) کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام ٹریفک آرٹس کونسل (اسٹریچن روڈ) سے پاکستان چوک کی جانب روانہ کی جائے گی۔
علاوہ ازیں شاہراہِ لیاقت سے برنس روڈ کی جانب جانے والے شہریوں کو آرام باغ لائٹ سگنل سے پاکستان چوک کی جانب روانہ کیا جائے گا جہاں سے وہ اپنی منزل کی جانب روانہ ہوسکیں گے۔
ہیوی گاڑیوں کیلئے ہدایات
حکومت نے 12 ربیع الاوّل کے موقعے پر شہر بھر میں تمام قسم کی ہیوی اور کمرشل ٹریفک کے چلنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ایم اے جناح روڈ پر ہر قسم کی ہیوی گاڑی کا داخلہ ممنوع ہے تاہم ان گاڑیوں کو آمدورفت کی اجازت ہوگی جن کی ونڈ اسکرین پر جلوس میں شامل ہونے کا اسٹیکر لگا ہوا ہو۔
ترجمان ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ شہر بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقعے پر جلوس منعقد ہونے کے باعث کسی بھی قسم کی زحمت یا پریشانی سے بچنے کیلئے متبادل راستوں کو اختیار کریں تاکہ بلا تاخیر اپنی منزل کو پہنچ سکیں۔ ٹریفک سے متعلق کسی بھی قسم کی مدد کیلئے ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن نمبر 1915 پر رابطہ کیا جاسکے گا۔ عوام ٹریفک پولیس کے فیس بک پیج، واٹس ایپ نمبر 9266905-0305 یا سندھ پولیس کے ایف ایم ریڈیو ایف ایم 88.6 سے تازہ ترین صورتحال بھی جان سکتے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی گاڑی کو جلوس کے روڈ پر گاڑی کھڑی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








