ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺ آج مذہبی عقیدت و محبت اور جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ شہر شہر جشن کا سماں ہے، گلیوں، بازاروں، مساجد اور شاہراہوں کو سبز جھنڈیوں، رنگ برنگی روشنیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں محافلِ میلاد، نعتیہ پروگرامز اور جلوسوں کی تیاریاں مکمل ہیں، جبکہ پشاور میں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس مناسبت سے سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز، محافلِ نعت اور دیگر مذہبی پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔ آج رات بھی ملک بھر کی مساجد میں محافلِ میلاد اور درود و سلام کی خصوصی محافل ہوں گی، جہاں علماء کرام سیرتِ طیبہ، تعلیمات اور اسوۂ حسنہ پر روشنی ڈالیں گے۔
جشنِ ولادتِ رسول ﷺ کی خوشی میں سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ رسول برحق حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کے 1501 سال مکمل ہونے پر پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کو بھی سبز برقی قمقموں سے روشن کیا گیا ہے، جس سے جشنِ ولادتِ رسول اکرم ﷺ کی مناسبت سے روحانی منظر کا سماں بندھ گیا۔
The Parliament House has been beautifully illuminated to mark Eid Milad-un-Nabi ﷺ and commemorate the blessed birth of the Holy Prophet Muhammad ﷺ.
The magnificent illumination reflects the nation’s profound love, devotion, peace and reverence for the Holy Prophet ﷺ, as the… pic.twitter.com/yy3Ml9tCAp
— National Assembly 🇵🇰 (@NAofPakistan) August 25, 2026
ملک کے مختلف شہروں میں اہم شاہراہوں، بازاروں اور چوراہوں پر خوبصورت محرابیں اور آرائشی دروازے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ عاشقانِ رسول ﷺ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کے ماڈلز بنا کر اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔ کراچی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں جلوس اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں، جن میں شرکاء درود و سلام کا ورد کریں گے، جبکہ مختلف مقامات پر نیاز اور لنگر بھی تقسیم کیا جائے گا۔
علماء کرام کے مطابق حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے محبت کا حقیقی تقاضا آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات پر عمل کرنا ہے اور جشنِ ولادت منانے کے ساتھ نبی کریم ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کا راستہ ہے۔ اس موقع پر ملک بھر کی فضا درود و سلام اور عقیدت و محبت کے رنگ میں رنگ جائے گی۔
سکیورٹی انتظامات
ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺ کے اجتماعات، جلوسوں اور ریلیوں کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کراچی میں 12 ربیع الاول کو تین مرکزی جلوس برآمد ہوں گے، جن کے لیے ٹریفک پولیس نے خصوصی پلان ترتیب دیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جلوسوں کے دوران ایم اے جناح روڈ عام ٹریفک کے لیے بند رہے گا اور صرف خصوصی پاس رکھنے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ پہلا مرکزی جلوس شہید مسجد کھارادر سے مولانا یعقوب عطاری کی قیادت میں دوپہر ڈھائی بجے برآمد ہوگا، جبکہ نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے مولانا اکبر درس اور مولانا شاہ عبد الحق قادری کی قیادت میں دو جلوس نکالے جائیں گے۔
تینوں مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے آرام باغ مسجد، گلزار حبیب مسجد اور نشتر پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے، جہاں میلاد النبی ﷺ کانفرنس بھی منعقد ہوگی۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ڈائیورژنز پر اہلکار رہنمائی کے لیے موجود ہوں گے۔ 12 ربیع الاول کو شہر میں ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی لگا دی گئی۔
لاہور میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔ پولیس نے سیکیورٹی سے متعلق 12 ضروری ہدایات پر مشتمل مراسلہ بھی جاری کردیا۔ ترجمان کے مطابق شہر بھر میں 8 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور افسران سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔
پولیس کے مطابق جلوسوں اور ریلیوں کے روٹس پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور شہر بھر میں سرچ اینڈ سویپنگ آپریشنز بھی کیے جائیں گے۔ حساس مقامات پر منتظمین کے تعاون سے حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔ مساجد اور امام بارگاہوں میں آنے والوں کی میٹل ڈیٹیکٹرز سے چیکنگ ہوگی جبکہ جلوسوں کے روٹس پر روف ٹاپ سیکیورٹی اور جلوسوں کے آگے اور پیچھے پولیس نفری بھی تعینات رہے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








