لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کو ایک بڑے بجلی بریک ڈاؤن کے سبب مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ ایک قریبی الیکٹریکل سب اسٹیشن میں لگنے والی آگ بتائی جا رہی ہے۔
جمعہ کی صبح سے شروع ہونے والی اس بندش کے باعث دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہیتھرو ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ آج دن بھر بند رہے گا کیونکہ مغربی لندن میں پیش آنے والے اس حادثے نے عالمی سطح پر سفری نظام درہم برہم کر دیا ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ہوائی اڈہ رات 11:59 بجے تک بند رہے گا تاہم یہ واضح نہیں کہ کتنی پروازیں اس سے متاثر ہوں گی۔
ہیتھرو ایئرپورٹ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ہم آئندہ چند دنوں میں بڑے پیمانے پر خلل کی توقع کر رہے ہیں اور مسافروں کو ہرگز ایئرپورٹ کا رخ نہیں کرنا چاہیے جب تک کہ ایئرپورٹ دوبارہ نہ کھول دیا جائے۔
نیو یارک ٹائمز کے مطابق جب ایئرپورٹ بند ہوا، اس وقت 120 طیارے ہیتھرو کی طرف روانہ تھے۔ ایئرلائنز نے فوری طور پر ان پروازوں کا رخ دیگر ہوائی اڈوں کی طرف موڑ دیا جن میں لندن گیٹ وِک، پیرس کا چارلس ڈی گال ایئرپورٹ، آئرلینڈ اور کینیڈا کے کچھ ہوائی اڈے شامل ہیں۔ ہیتھرو ایئرپورٹ روزانہ تقریباً 1300 پروازوں کو ہینڈل کرتا ہے جس سے اس بندش کا اثر دنیا بھر میں محسوس کیا جا رہا ہے۔
سی این این کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں شدید خلل متوقع ہے اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہرگز ایئرپورٹ نہ آئیں۔ ایئرپورٹ حکام نے کہا کہ ’’مسافروں کو مزید معلومات کے لیے اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کرنا چاہیے۔‘‘
لندن فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ ہیتھرو کے قریب بھڑکنے والی یہ آگ ایک “طویل مدتی واقعہ” ہو سکتی ہے جس کے باعث قریبی رہائشی علاقوں میں بھی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ آگ لگنے کی وجوہات کا تاحال تعین نہیں کیا جا سکا اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔