پاکستان نے خطے میں کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad Memorandum of Understanding – MoU) کے تحت کیے گئے اپنے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کریں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا کہ کشیدگی کا دوبارہ بڑھنا کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔ پاکستان نے تمام متعلقہ فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے جو خطے کے امن اور استحکام کو مزید نقصان پہنچا سکتا ہو۔
بیان میں کہا گیا کہ خطے میں پائیدار امن کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے مسلسل رابطے، مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد مؤثر راستہ ہیں اور ان کا کوئی متبادل نہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے اور اس سے باہر باہمی افہام و تفہیم، احترام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے ایک مضبوط اور دیرپا بنیاد کی حیثیت رکھتی ہے۔
پاکستان نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ خطے میں امن، استحکام اور مفاہمت کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار آئندہ بھی جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز میں ٹینکرز پر حملوں کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج رات ایران پر حملوں کا اعلان کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








