کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار علی رضا کے والد انتقال کرگئے ہیں۔ والد کے اچانک انتقال کی اطلاع اداکار نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں کو خود دی۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ علی رضا نے اپنے والد کے انتقال کی اطلاع مداحوں کو انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے دی۔اپنی پوسٹ میں اداکار نے انا للہ و انا الیہ راجعون کے الفاظ تحریر کیے جس کا مطلب ہے کہ ہم اللہ کیلئے ہیں اور ہمیں اسی کی جانب لوٹ کر جانا ہے۔

اداکار علی رضا نے کہا کہ ان کے والد کا اچانک انتقال ہوا ہے اور ان کی مغفرت کے لیے مداحوں سے دعا کی اپیل بھی کی۔علی رضا کی پوسٹ کے بعد ان کے مداحوں اور چاہنے والوں کی جانب سے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ نوجوان اداکار علی رضا پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار اور ماڈل ہیں، جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا اور بعد ازاں ٹیلی وژن اداکاری کی جانب رخ کیا۔
علی رضا نے 2020 میں ڈرامہ ’بھول جا اے دل‘ سے اداکاری کا آغاز کیا، جبکہ بعد کے برسوں میں ’میسنی‘، ’محبت گمشدہ میری‘، ’گناہ‘ اور ’محبت کے بعد‘ جیسے ڈراموں میں مختلف نوعیت کے کردار ادا کیے۔
انہوں نے اداکارہ ماہرہ خان اور فلمی ہیرو فواد خان کے ہمراہ 2022 میں فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں بھی کام کیا، جس کے بعد ان کی شناخت ٹیلی وژن کے ساتھ فلمی حلقوں میں بھی بنی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








