ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کو ڈینگی وائرس کا شکار ہونے کے بعد ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے طبی امداد دی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ نے مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے ہسپتال کے بستر سے اپنی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ سوارا بھاسکر نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ ان کی طبیعت اچانک خراب ہوئی، جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔

اپنے مداحوں کے نام سوشل میڈیا پر جاری مختصر پیغام میں اداکارہ نے کہا کہ صورتحال بہت تیزی سے بگڑی، ڈینگی کی تشخیص ہوئی اور انہیں ہسپتال میں داخل ہونا پڑا۔
سوارا بھاسکر کے ہسپتال داخل ہونے کی خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ٹی وی ڈراما ‘بالیکا ودھو’ کی اداکارہ اویکا گور بھی ڈینگی کے باعث ہسپتال میں داخل ہوچکی ہیں۔ اویکا کے شوہر ملند چندوانی کے مطابق ڈینگی کی تشخیص سے قبل اداکارہ پانچ روز تک شدید بخار میں مبتلا رہی تھیں۔
فلم ‘رانجھنا’ سے شہرت پانے والی سوارا نے تاحال بیماری کی علامات، موجودہ طبیعت یا ہسپتال میں قیام کی متوقع مدت کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔سوارا بھاسکر کو آخری مرتبہ ٹیلی وژن کے ریئلٹی شو ‘پتی پتنی اور پنگا’ میں دیکھا گیا تھا، جہاں انہوں نے اپنے شوہر فہد احمد کے ہمراہ شرکت کی تھی۔ اداکارہ نے اب تک اپنے کسی نئے فلمی یا ٹی وی پروجیکٹ کا اعلان نہیں کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








