ملک بھر میں یوم دفاع کا جوش دیدنی! قوم کا شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان بھر میں آج 6 ستمبر کو یوم دفاع قومی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر 1965 کی جنگ کے شہدا اور ملک کے دفاع کے لیے قربانیاں دینے والے جوانوں کو خصوصی طور پر خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

ملک کے چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یوم دفاع کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ عوام کی جانب سے ان شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کیا جارہا ہے جنہوں نے ملکی دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

یوم دفاع کی سرگرمیوں کا آغاز نماز فجر کے بعد شہدا کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔

اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی کے ذریعے دن کا آغاز کیا گیا۔

کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی خصوصی تقریب بھی منعقد ہوئی جہاں پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب میں پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے ایئر آفیسر کمانڈنگ، ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

یوم دفاع کے موقع پر کراچی کے ساحل کے قریب ڈیفنس رن بھی منعقد کی گئی جس میں مختلف عمر کے افراد نے شرکت کی۔ ریس میں نوجوانوں کے ساتھ خواتین، بچوں اور بزرگوں نے بھی حصہ لیا۔

ملک بھر میں منعقد ہونے والی تقریبات کے دوران مسلح افواج کے دستے نشان حیدر پانے والے شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کریں گے۔ ان میں کیپٹن راجا محمد سرور شہید، میجر محمد طفیل شہید، میجر عزیز بھٹی شہید، میجر محمد اکرم شہید، سوار محمد حسین شہید، میجر شبیر شریف شہید، لانس نائیک محمد محفوظ شہید، پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، کیپٹن کرنل شیر خان شہید اور حوالدار لالک جان شہید شامل ہیں۔ ہلال کشمیر سے نوازے گئے نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کو بھی خصوصی طور پر یاد کیا جائے گا۔

6 ستمبر 1965 کا دن پاکستان کی تاریخ میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ دن ان جوانوں کی بہادری اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ملکی دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

یوم دفاع ہر سال قوم کو اتحاد، حوصلے اور ثابت قدمی کا پیغام دیتا ہے۔ 1965 میں بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پاکستانی افواج نے بھرپور مزاحمت کی جبکہ عوام بھی فوج کے ساتھ کھڑے رہے اور ملک کے دفاع میں اپنا کردار ادا کیا

Related Posts