شہباز حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈالتے ہوئے اگلے چوبیس گھنٹوں کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں مزید اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ مسلسل تیسرا اضافہ ہے۔ صرف گزشتہ تین دن کے دوران پٹرول کی قیمت مجموعی طور پر 21 روپے 88 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 14 روپے 62 پیسے فی لیٹر بڑھ چکی ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) کی منظوری کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نے نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نئی قیمتوں کے بعد پٹرول 364 روپے 35 پیسے سے بڑھ کر 367 روپے 75 پیسے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 385 روپے 95 پیسے سے بڑھ کر 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اس سے قبل بدھ کو ہونے والے جائزے میں بھی پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 58 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 18 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ مسلسل اضافوں کے باعث ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ایک بار پھر نمایاں سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








