یہ بھارت نہیں پاکستان ہے! نوابشاہ میں قومی نغمے چلانے پر دکاندار پر درجنوں افراد کا تشدد

تازہ ترین

تازہ ترین

سندھ کے شہر نواب شاہ میں قومی نغمے چلانے پر ایک دکاندار کو مبینہ طور پر 30 سے 35 افراد نے تشدد کا نشانہ بنا دیا اور دکان میں توڑ پھوڑ کے بعد فرار ہوگئے۔

متاثرہ دکاندار کے مطابق غریب آباد میونسپل اسپتال، ہاؤس روڈ کے قریب واقع اس کی دکان پر گزشتہ روز دو افراد آئے تھے، جنہوں نے مبینہ طور پر دھمکیاں دیں اور چلے گئے۔

دکاندار کے مطابق آج اچانک 30 سے 35 افراد موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر آئے اور اسے مارنا شروع کردیا، جبکہ دکان میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔ متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ حملہ آور مبینہ طور پر پاکستان کے خلاف نازیبا الفاظ بھی استعمال کرتے رہے۔

متاثرہ دکاندار نے متعلقہ حکام سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جان دے سکتا ہے لیکن قومی ترانہ اور قومی نغمے چلانا نہیں چھوڑے گا۔

واقعے کے حوالے سے پولیس کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، جبکہ واقعے کی مکمل وجوہات اور حملہ آوروں کی شناخت تحقیقات کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔

Related Posts