وزیراعظم کے معاون خصوصی سردار یار محمد رند نے استعفیٰ دے دیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کوئٹہ: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے وزارت آبی وسائل ،وزارت پیٹرولیم وبلوچستان سردار یار محمد رند نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔

ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سردار رند نے کہا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ دو روز قبل وزیراعظم کو بھجوا دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ میرا آخری فیصلہ ہے۔ میں صرف نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی حد تک معاون خصوصی تھا۔ میرے پاس کوئی اختیار نہیں تھا۔

مجھے بلوچستان سے متعلق کسی میٹنگ میں بھی مدعو نہیں کیا گیا،کبھی وفاقی وزراء سمیت کسی نے بھی ملاقات کے لیے مجھ سے رابطہ نہیں کیا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی جانب سے انہیں کرائی گئی یقین دہانی پر انہوں نے استعفیٰ واپس لے لیا تھا لیکن وفاقی وزراء نے صوبے کے مسائل سے متعلق ان سے کبھی بات نہیں کی۔

انہوں نے شکایت کی کہ وزراء نے بھی انہیں کبھی بلوچستان کے حوالے سے کسی اجلاس میں مدعو نہیں کیا اس لئے انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بار ان کا فیصلہ حتمی اور ناقابل واپسی ہے۔

مزید پڑھیں:پنجاب میں بااثر چوہدری کا غریب محنت کش کے بچوں پر اپنے بچوں کی مدد سے تشدد، ویڈیو وائرل

واضح رہے کہ سردار یار محمد رند بلوچ سیاست دان ہیں جو اس وقت بلوچستان اسمبلی کے رکن ہیں۔ یار محمد رند پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر اور بلوچستان اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر بھی ہیں۔

23 مارچ 2019 کو وزیراعظم عمران خان نے ان کی بطور معاون خصوصی تقرری کی منظوری دی تھی۔ انہیں وزارت آبی وسائل اور وزارت پیٹرولیم کے امور کی ذمہ داری دی گئی تھی۔