وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثناءاللہ کے خلاف ایسا کام پکڑا ہے کہ انہیں عمر قید ہوگی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ہم نے مسلم لیگ (ن) کی طرح انتقامی سیاست کبھی نہیں کی، ہمیشہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت مثبت سیاسی روایات قائم کی ہیں، عمران خان پاکستان کے مقبول ترین رہنما ہیں، ان کا ساتھ دیا، دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
قومی امانتوں میں خیانت کرنے والے کو نشانِ عبرت بنانا چاہیے: مریم نواز
ان کا کہنا تھا کہ احساس راشن پروگرام کے تحت ابھی رجسٹریشن کا آغاز کیا ہے اور صرف ایک گھنٹے کے دوران 80 ہزار افراد نے اس پر ردعمل دیا ہے، پورے صوبے میں اس پروگرام کے تحت رجسٹریشن کا عمل 15 روز تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے لیے ہم نے 10 ارب روپے کا بجٹ رکھا ہے اور ضرورت کے مطابق اس کے بجٹ کو مزید بھی بڑھایا جاسکتا ہے، ہمارا مقصد غریب کو ریلیف فراہم کرنا ہے، اس پروگروام کو عالمی سطح پر بہت سراہا گیا ہے، ورلڈ بینک اور 4 بڑے ممالک کے حکام نے اس پروگرام کی تعریف کی اور ثانیہ نشتر کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے پیچھے عمران خان کا وژن ہے، یہ پروگرام بلاتفریق سب کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہے۔