کراچی: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں اتوار سے ہیٹ ویو کا آغاز ہوگا جس کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اتوار سے گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوگا اور دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ یعنی 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
سینئر موسمیات دان انجم نذیر زعیغم نے وضاحت کی کہ سندھ کے بالائی اور وسطی علاقوں میں موجود دباؤ کے نظام کے ہٹنے کے باعث اتوار سے سمندری ہواؤں کے رکنے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ موسمی نظام ہفتہ کے روز صوبے کے جنوبی علاقوں کی طرف منتقل ہو رہا ہے، جس کے باعث سندھ کے دیگر حصوں میں جاری ہیٹ ویو میں کمی آئے گی۔
محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری میں شہریوں، بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں کو براہِ راست دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور زیادہ مقدار میں پانی پینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
جمعہ کے روز کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34اعشاریہ 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہفتے کو یہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، اور موسم گرم و مرطوب رہے گا۔
جمعہ کے روز سندھ کے سب سے زیادہ گرم شہروں میں دادو اور شہید بے نظیر آباد شامل رہے، جہاں درجہ حرارت 46اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے بعد پڈعیدن (46)، لاڑکانہ (45اعشاریہ 6)، موئن جو دڑو اور خیرپور (45اعشاریہ 5)، سکھر اور روہڑی (45)، حیدرآباد اور میرپور خاص (42) اور بدین (39) کا نمبر رہا۔