Friday, March 29, 2024

ملک بھر میں مرغی کا گوشت 500 روپے کلو تک پہنچ گیا، پرائس کنٹرو ل کمیٹیاں غائب

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: ملک بھر میں مرغی کی قیمت کی چھری غریب کی جیب پر چلنے لگی ہے، مرغی کاگوشت 500 روپے کلو تک پہنچ گیا،اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کا نیا ریکارڈ بن گیا۔

مہنگائی نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے، کھانے پینے کی روز مرہ کی اشیا کے ساتھ ساتھ مر غی کے گوشت کی قیمتوں میں بھی اچانک اضافے نے مرغی کا گوشت عوام کی پہنچ سے باہر کر دیا ہے۔

ملک بھر میں مرغی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، عوام سوال کرنے لگے ہیں کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں کہاں سوئی ہیں؟ ادھر شہری انتظامیہ نے کبوتر کی طرح آنکھیں بند کر رکھی ہیں، کراچی سمیت دوسرے شہروں میں بھی حال برا ہے۔

دوسری طرف پولٹری فارمرز کا کہنا ہے کہ مرغیوں کی خوراک دگنی مہنگی ہوگئی ہے چکن تو مہنگا ہوگا، دکان داروں کا الگ رونا ہے کہ شہری سپلائی مہنگی ہے، سستا گوشت کیسے بیچیں۔

صارفین کا کہناہے کہ سینیٹ میں ووٹوں کی لگنے والی قیمت کا تو پھر پتا چل جاتا ہے مگر مہنگائی کہاں جا کر رکے گی کوئی بتانے کو تیار نہیں، خریدار دہائی دینے لگے ہیں کہ حکومت کو سینیٹرز کے ریٹ معلوم ہیں، مرغی کے نہیں۔

مزید پڑھیں:کراچی، غیر قانونی مکانات اور کمرشل مراکزکو گرانے کیلئے گرینڈ آپریشن کی تیاریاں

واضح رہے کہ اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کا نیا ریکارڈ بن رہا ہے، روز مرہ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اچانک اضافہ متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

عوام نے سوال اٹھایا ہے کہ ملک میں سیلاب آیا نہ قدرتی آفت، پھر مرغی کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ کیوں کیا گیا؟ کیا کوئی پوچھنے والا نہیں؟۔