مفتی انس سے شادی کے لئے برسوں دعائیں مانگی ہیں، ثناء خان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مفتی انس سے شادی کے لئے برسوں دعائیں مانگی ہیں، ثناء خان
مفتی انس سے شادی کے لئے برسوں دعائیں مانگی ہیں، ثناء خان

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ممبئی: اسلام کی خاطربالی ووڈ کو خیرباد کہنے والی سابق بھارتی اداکارہ ثنا خان نے اپنے شوہر مفتی انس کے حوالے سے بتایا کہ مفتی انس کے ساتھ شادی کرنے کا فیصلہ راتوں رات نہیں لیا بلکہ میں نے اس جیسے انسان کے لیے سالوں دعائیں مانگی ہیں۔

اپنے دئیے گئے ایک انٹرویو میں ثنا خان نے اپنے شوہر سید انس سے پہلی ملاقات اور ان کے شوہر نے کس طرح ان کی زندگی کا رخ بدلنے میں اہم کردار ادا کیا اس کے متعلق اپنے چاہنے والوں کو بتایا۔ ثنا خان کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے شوہر پہلی بار 2017 میں مکہ میں ملے تھے۔

ثنا خان کے مطابق جس دن میں بھارت لوٹ رہی تھی میری انس کے ساتھ تھوڑی دیر ملاقات ہوئی اور انس کا مجھ سے بطور اسلامی اسکالرتعارف ہوا تھا۔ یہاں میں ایک بات کی وضاحت کرنا چاہوں گی کہ انس ”مفتی“ نہیں بلکہ ”عالم“ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے 2018 کے آخر میں ان سے دوبارہ رابطہ کیا کیونکہ میرے ذہن میں مذہب کو لے کر چند سوالات تھے۔ جس کے جوابات مجھے چاہئے تھے،اور پھر تقریباً ایک سال بعد 2020 میں ایک بار پھر ہم دونوں میں رابطہ ہوا کیونکہ میں ہمیشہ اسلام کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی طرف مائل تھی۔

ثنا خان نے اپنی اور سید انس کی شادی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا میں نے انس کے ساتھ شادی کرنے کافیصلہ راتوں رات نہیں لیا۔ بلکہ میں نے اپنی زندگی میں انس جیسے انسان کے لیے برسوں دعائیں کی ہیں۔ مجھے انس میں جو بات سب سے زیادہ پسند ہے وہ یہ کہ وہ ’شریف‘ ہیں اور ’ان میں حیا ہے‘۔ ان میں بناوٹ نہیں ہے، صاف گو انسان ہیں۔

ثناء خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مجھ سے کہا تھا اگر کوئی اچھی چیز گٹر میں گرجائے تو اس کے اوپر آپ 10 بالٹی پانی ڈال دو وہ صاف نہیں ہوتی لیکن اس کو گٹر سے باہر نکال کر ایک گلاس پانی ڈال دو وہ صاف ہوجاتی ہے۔ ان کی اس بات نے مجھ پر گہرے اثرات چھوڑے۔

ثنا ء خان نے اپنے پروفیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا مجھ سے بہت سے لوگ پوچھتے ہیں کہ مجھے اس بات کا احساس اتنی دیر سے کیوں ہوا کہ میں غلط پروفیشن میں ہوں۔تو میں کہنا چاہتی ہوں بہت ساری چیزوں کا احساس آپ کو فوراً نہیں ہوتا۔ آپ کو اتنا گلیمر اور نام مل جاتا ہے کہ یا تو آپ کو کچھ دکھائی نہیں دیتا یا آپ فیصلہ ہی نہیں لے پاتے ہیں۔اسی لئے اس سب میں دیر ہوئی۔

میں اپنے گھر میں کمانے والی واحد تھی اور لاک ڈاؤن نے مجھے یہ سمجھنے میں مدد کی کہ مجھے یہ قدم اٹھانا چاہیئے۔ جو کام میں کررہی تھی وہ میرے لیے نہیں تھا۔ بالی ووڈ نے مجھے جو کچھ دیا میں اس کے لیے شکرگزار ہوں لیکن مجھے احساس ہوگیا تھا کہ میں اس انڈسٹری کے لیے نہیں ہوں۔

شوبز کے بعد سوشل میڈیا کو چھوڑنے کے حوالے سے ثنا خان نے کہا میں سوشل میڈیا کو بالکل بھی نہیں چھوڑوں گی۔ لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کیا میں سنیاس (دنیا کو چھوڑ کر الگ تھلگ ہوجانا) لے لوں گی لیکن میں بتانا چاہتی ہوں کہ سنیاس لینے میں اور زندگی کو مذہب کے مطابق گزارنے میں بہت فرق ہے۔

Related Posts