حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے! پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 1740 ارب روپے تک جا پہنچا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان کے معاشی منظرنامے سے ایک انتہائی اہم اور تشویشناک خبر سامنے آئی ہے جہاں جون 2026 کے اختتام تک ملک کے پاور سیکٹر کا مجموعی گردشی قرضہ بڑھ کر 1740 ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ طے پانے والے معاشی اہداف کے تحت اس قرضے کو 1600 ارب روپے تک محدود رکھنا لازمی قرار دیا گیا تھا تاہم حکومت اس ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران گردشی قرض میں ہونے والے تقریباً 400 ارب روپے کے ماہانہ بہاؤ (فلو) کو سبسڈی کی مد میں باقاعدگی سے ایڈجسٹ کیا جانا تھا۔ اس مقصد کے لیے آئی ایم ایف اور پاکستان کی معاشی ٹیم کے مابین مذاکرات میں زیرو اِن فلو کا ہدف طے کیا گیا تھا جس کی بنیادی غرض یہی تھی کہ گردشی قرض کے مجموعی حجم کو 1600 ارب روپے کی طے شدہ حد کے اندر رکھا جا سکے۔

وزارتِ خزانہ کی ادایگیاں اور اضافی بوجھ

ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران پاور سیکٹر کے گردشی قرض میں مجموعی طور پر تقریباً 480 ارب روپے کا مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس اضافی بوجھ کو سنبھالنے کے لیے وزارتِ خزانہ نے گردشی قرض کی ایڈجسٹمنٹ کی غرض سے تقریباً 350 ارب روپے کی خطیر رقم فراہم بھی کی۔

اس کے باوجود مجموعی طور پر 130 ارب روپے سے زائد کی اضافی رقم براہِ راست گردشی قرض کے مجموعی اسٹاک میں شامل ہو گئی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ اسی اضافی رقم کو ایڈجسٹ کرنے اور قابو میں لانے کے لیے متعلقہ وزارت اس وقت ہنگامی بنیادوں پر ورکنگ کرنے میں مصروف ہے۔

آئندہ اقتصادی جائزے کے حوالے سے حکومتی توقعات

معاشی دباؤ کے باوجود حکومتی حلقوں کی جانب سے پرامید رویہ برقرار رکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کو اس بات کی مکمل توقع ہے کہ آئندہ آنے والے اقتصادی جائزے (Economic Review) تک گردشی قرضے کو کامیابی کے ساتھ واپس 1600 ارب روپے کی مقررہ حد تک لانے کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔

Related Posts