جاپان کے جنوب مغربی حصے میں منگل کی سہ پہر 7.1 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا، جس کے بعد جاپانی محکمہ موسمیات نے فوری طور پر سونامی کا انتباہ جاری کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 27 منٹ پر جزیرہ کیوشو میں محسوس کیا گیا، جبکہ جاپان کے مخصوص شنڈو پیمانے پر اس کی شدت بلند ترین سطح 7 ریکارڈ کی گئی، جو نہایت شدید زمینی لرزش کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
حکام نے خبردار کیا کہ زلزلے کے نتیجے میں تقریباً 3 فٹ بلند سونامی کی لہریں ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتی ہیں، جن کے شام 5 بجے تک ساحل پر پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ سرکاری نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق بعض علاقوں میں اسی بلندی کی لہریں ریکارڈ ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں، تاہم فوری طور پر کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
یاد رہے کہ 25 جون کو بھی شمالی جاپان میں 7.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا، لیکن اس واقعے میں نہ کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاعات سامنے آئیں۔ اس تازہ زلزلے کے بعد بھی متعلقہ ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جاپان دنیا کے ان ممالک میں شمار ہوتا ہے جہاں زلزلے سب سے زیادہ آتے ہیں، کیونکہ یہ بحرالکاہل کے رِنگ آف فائر کے مغربی کنارے پر چار بڑی ٹیکٹونک پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہے۔ اسی جغرافیائی محلِ وقوع کی وجہ سے یہاں ہر سال سینکڑوں زلزلے ریکارڈ کیے جاتے ہیں، جبکہ دنیا کے تقریباً 18 فیصد زلزلے اسی ملک میں آتے ہیں۔ اگرچہ ان میں سے زیادہ تر معمولی نوعیت کے ہوتے ہیں، تاہم شدت، گہرائی اور مقام کے لحاظ سے ان کے اثرات مختلف ہو سکتے ہیں۔
جاپان آج بھی 2011 کے تباہ کن 9.0 شدت کے زیرِ سمندر زلزلے اور اس کے بعد آنے والے سونامی کی المناک یادوں سے پوری طرح نہیں نکل سکا۔ اس سانحے میں تقریباً 18 ہزار 500 افراد ہلاک یا لاپتا ہو گئے تھے، جبکہ فوکوشیما جوہری بجلی گھر بھی شدید متاثر ہوا تھا، جسے جدید تاریخ کی بدترین قدرتی آفات میں شمار کیا جاتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








