کراچی والوں کیلئے بڑی خبر! پپری پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بحال، پانی کی فراہمی شروع

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی کے شہریوں کیلئے پانی کی فراہمی سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی جہاں 22 گھنٹوں کی طویل بندش کے بعد پپری پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بحال کردی گئی جس کے بعد مختلف علاقوں کو پانی کی فراہمی دوبارہ شروع ہوگئی۔

واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ کے الیکٹرک نے پپری پمپنگ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی آج صبح 7 بجے بحال کی جس کی تصدیق واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے بھی کردی ہے۔

ترجمان کے مطابق بجلی بحال ہوتے ہی پپری پمپنگ اسٹیشن سے شہر کے مختلف علاقوں کو پانی کی فراہمی دوبارہ شروع کردی گئی، جبکہ پانی کی فراہمی کو معمول کی سطح پر لانے کے لیے پمپنگ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔

واٹر کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پپری پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی طویل بندش کے باعث کراچی کو مجموعی طور پر 133 ملین گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ روز کے الیکٹرک کے سسٹم سے کیبل چوری ہونے کے باعث پپری پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا تھا جس کے نتیجے میں شہر کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

بجلی کی بحالی کے بعد اب پمپنگ آپریشن کے ذریعے پانی کی فراہمی کو بتدریج معمول پر لانے کا عمل جاری ہے۔

Related Posts