ایک ماہ میں 230 غیر قانونی افغانی کراچی کیسے پہنچے؟ فی خاندان 2 لاکھ روپے؛ نیٹ ورک بے نقاب

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

پاکستان رینجرز سندھ اور ضلع ویسٹ پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سرجانی ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ بین الصوبائی انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو حب سے کراچی منتقل کرنے میں ملوث تھے۔

رینجرز کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالعزیز بروہی، محمد بخش دشتی، علی حسن بروہی، ندیم بروہی اور جمیل بروہی کے نام سے ہوئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان یار محمد اور رسول خان نامی افغان باشندوں کو کراچی منتقل کر رہے تھے۔

انسانی اسمگلنگ کے عوض بھاری رقوم وصول کرنے کا انکشاف

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار افراد ایک ایسے گروہ کا حصہ ہیں جو مبینہ طور پر غیر قانونی افغان باشندوں کو پہلے حب سٹی اور پھر کراچی کے مختلف علاقوں تک پہنچانے کے لیے بھاری رقوم وصول کرتا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے اسلحہ، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی سوزوکی لوڈر گاڑی بھی برآمد کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار افراد پر انسانی اسمگلنگ کے علاوہ اسلحے اور منشیات کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔

گرفتاری سے بچنے کے لیے متبادل راستے استعمال کیے جاتے تھے

رینجرز کے مطابق گروہ افغان باشندوں کو حب کے مختلف ہوٹلوں اور گھروں میں عارضی طور پر ٹھہراتا تھا۔ بعد ازاں انہیں کراچی منتقل کرنے کے لیے گائیڈز کی مدد لی جاتی تھی تاکہ راستوں سے واقف افراد کی معاونت سے منزل تک پہنچایا جا سکے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کی کارروائیوں سے بچنے کے لیے ملزمان مبینہ طور پر منگھوپیر، بند مراد، سرجانی ٹاؤن، ناردرن بائی پاس اور ان سے ملحقہ کچے راستے استعمال کرتے تھے۔

ایک خاندان کی منتقلی کے لیے 2 لاکھ روپے تک وصولی

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ ایک خاندان کو منتقل کرنے کے عوض تقریباً 2 لاکھ روپے تک وصول کرتے تھے۔ حکام کے مطابق افغان باشندوں کی نقل و حمل کے لیے سوزوکی جیسی چھوٹی گاڑیوں کے ساتھ موٹر سائیکلیں بھی استعمال کی جاتی تھیں۔

رینجرز کے ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان کے بیان کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران تقریباً 230 افغان باشندوں کو کراچی کے مختلف علاقوں میں منتقل کیا گیا۔

نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی تلاش جاری

رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے مزید ارکان کو قانون کی گرفت میں لانا ہے۔

Related Posts