اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سرمائی اولمپکس کی تقریب میں شرکت اور چینی قیادت سے ملاقات کے لیے جمعرات کو چین کے چار روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کا 3 سے 6 فروری تک دورہ چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر طے کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد ہمراہ ہے، جس میں کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم کے وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں معاون خصوصی خالد منصور شامل تھے۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم بیجنگ میں سرمائی اولمپکس 2022 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے اور صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
رہنما دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے، جس میں سی پیک سمیت مضبوط تجارتی اور اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا، ”یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کو فروغ دے گا۔ دورے کے دوران متعدد مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چینی قیادت سے وزیراعظم کی ملاقات دوطرفہ تزویراتی شراکت داری، علاقائی معاملات اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی پر مرکوز ہوگی۔
مزید پڑھیں: پوری قوم سیکورٹی فورسز کی پشت پر متحد اور یکجا کھڑی ہے، وزیراعظم