محکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر میں بارش اور گرج چمک کے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے جو 12 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کرے گاجبکہ بارش برسانے والی ہوائیں وسطی اور جنوبی علاقوں سے بھی گزریں گی۔
7 سے 11 مئی کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد، مری اور گلیات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں بشمول لاہور، سرگودھا، جہلم، اٹک اور گجرات میں بھی تیز ہوا اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 7 سے 12 مئی کے درمیان چترال، دیر، سوات، کوہستان اور شانگلہ میں بھی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اس دوران بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر اور ملاکنڈ میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔
بلوچستان اور سندھ کے کئی شہروں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث لاہور سمیت متعدد شہروں کا موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔