محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے لیے شدید موسمی حالات سے متعلق ایک انتباہ جاری کیا ہے جس میں 7 مئی سے تیز ہواؤں، گرج چمک، بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ پیشگوئی ایک نئے مغربی سسٹم کی آمد کے بعد کی گئی ہے جو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کرے گا، جبکہ جنوبی اور وسطی علاقوں میں نمی سے بھرپور ہوائیں بھی داخل ہوں گی۔
سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص، تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں 8 مئی سے 10 مئی کے درمیان گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔کوئٹہ، ژوب، خضدار، موسیٰ خیل اور آواران میں 7 مئی سے 10 مئی کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
7 مئی سے 12 مئی تک آزاد جموں و کشمیر کے متعدد علاقوں، جن میں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، باغ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور شامل ہیں، وقفے وقفے سے شدید بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔
8 مئی سے 12 مئی کے دوران دیامر، استور، سکردو، گلگت اور ہنزہ میں درمیانی سے شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔7 مئی سے 11 مئی کے دوران لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کے اضلاع میں گرد آلود ہوائیں، گرج چمک اور کہیں کہیں ژالہ باری کا خدشہ ہے۔
چترال، سوات، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 7 مئی سے 12 مئی تک غیر مستحکم موسم، شدید بارشوں اور گرج چمک کے امکانات موجود ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور انفراسٹرکچر، بجلی کے کھمبے، گاڑیاں اور درخت متاثر ہو سکتے ہیں۔ خاص طور پر گندم کی کٹائی میں مصروف کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیاں ملتوی کریں یا احتیاط برتیں۔