وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، ملکی معیشت میں بہتری پر اظہار اطمینان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وفاقی کابینہ کا اجلاس،حکومت مخالف تحریک اور جلسوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
وفاقی کابینہ کا اجلاس،حکومت مخالف تحریک اور جلسوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کو ملکی معیشت سے متعلق مزید اچھی خبریں ملیں گی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں معاشی صورتحال، مختلف منصوبوں اور موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا،مشیر خرانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کابینہ کو ملکی معاشی صورتحال خصوصاً معاشی اعشاریوں میں بہتری اور معیشت کی مجموعی صورتحال کی بہتری کے ضمن میں عالمی اداروں کے اعتراف کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سنگین مسائل کی شکار ملکی معیشت میں آج حکومتی کوششوں کی بدولت استحکام پایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چار بڑے عالمی اداروں جن میں ورلڈ بینک، ایشین ڈویلپمنٹ بینک، آئی ایم ایف اور موڈیز شامل ہیں، نے پاکستانی معیشت میں بہتری کا واضح اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اعشاریوں میں بہتری سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

مشیر خزانہ نے بتایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی واضح بہتری سامنے آئی ہے، انہوں نے کہا کہ فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ میں پچھلے سال کے مقابلے میں 286 فیصد بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ آٹھ ماہ بعد 40ہزار کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں برآمدات کے حجم میں اضافہ ہوا ہے وہاں ڈالرکے اعتبار سے بھی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات میں تقریبا دس فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے اقتصادی اعشاریوں اور خصوصاً عالمی اداروں کی جانب سے ملکی معیشت میں بہتری کے اعتراف پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کاوشوں کی بدولت ملکی معیشت میں استحکام آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کو مزید مستحکم کرنا اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ 300یونٹس تک استعمال کرنیوالے صارفین جو کہ گھریلوصارفین کی کل تعداد کا 75فیصد ہے ان پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ نہ پڑے اس ضمن میں حکومت کی جانب سے سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ بجلی کے نرخوں اور ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہونے والے اضافے سے ایسے صارفین متاثر نہ ہوں۔

معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے کابینہ کو بتایا کہ سردیوں میں گیس کی بچت کے حوالے سے عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس کے استعمال کی شرح کے حوالے سے مختلف قیمتوں کے اطلاق کے ضمن میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کم سلیب کی حد تک استعمال کی جانے والی گیس کی قیمت اسی شرح سے وصول کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم کا اردن آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 27 نومبر اور 28 نومبر کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں ،کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 15 نومبر 2019 میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی، ان میں ایس ایم ای بینک لمیٹڈ کی نجکاری کا ٹرانزیکشن اسٹرکچر اور پی آئی اے کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل کی ممکنہ نجکاری کے لئے قائم کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنس کی منظوری شامل ہے۔

کابینہ نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے جووینائل جسٹس سسٹم ایکٹ کے تحت عملی اقدام اٹھاتے ہوئے اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز (شرقی و غربی)، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سینئر سول ججز اور سول ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ڈویژن (شرقی و غربی) اسلام آباد کے مجسٹریٹ ججز کی عدالتوں کو جووینائل کورٹس (بچوں کے کیسز سننے والی عدالتیں) نامزد کرنے کی منظوری دی۔

کابینہ نے کہا کہ مندرجہ بالا قانون کے تحت مخصوص عدالتوں کے قیام اور مکمل طور پر فنکشنل ہونے تک پہلے مرحلے میںبچوں سے متعلقہ مقدمات کی سماعت کے لئے مندرجہ بالا عدالتوں کو یہ ذمہ داری سونپی جا رہی ہے۔

کابینہ نے حق وراثت کی منتقلی اور قانونی وارثین کے تعین کے لئے حال میں متعارف کرائے جانے والے قانون، لیٹرز آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سیکسیشن سرٹیفیکیٹس آرڈیننس 2019 کے نفاذ کی باقاعدہ تاریخ کا تعین کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ وزیرِ اعظم پاکستان جمعہ کے روز اس قانون کے باقاعدہ نفاذ کی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

کابینہ نے پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن اور سیکورٹی پیپرز لمیٹڈ کراچی کے تمام عہدوںپر پاکستان ایسینشل سروسز (مینٹی ننس) ایکٹ 1952کے نفاذ میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی منظوری دی۔ کابینہ نے جموں اینڈ کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی کے بجٹ برائے مالی سال 2019-20 کی بھی منظوری دی۔

کابینہ نے جائیداد میں خواتین کے حق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے متعارف کرائے جانے والے انفورسمنٹ آف وویمنز پراپرٹی رائٹس آرڈیننس 2019 میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے ڈاکٹر محمد یوسف خشک کو چیئرمین پاکستان اکادمی ادبیات تعینات کرنے کی منظوری دی۔ یہ تعیناتی تین سال کے لئے کی گئی ہے۔

کابینہ نے واپڈا میں ممبر (واٹر) کے عہدے کی ذمہ داری کرنٹ چارج کے طور پر ذوہیر خان درانی اور ممبر (پاور)کی ذمہ داری جاوید اختر کو سونپنے کی منظوری دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ 2020 تک پچاس لاکھ افراد کو احساس سہولت کارڈ کے اجراء کا کام مکمل کر لیا جائیگا۔ اس پلان کے تحت تین سالوں میں دو کروڑ کارڈ کا اجراء کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی خرید اری اور فراہمی کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ غربت کا شکار اور کم آمدنی والے افراد کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ کابینہ نے خالد حامد کو چیف ایگزیکٹو آفیسر نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ تعینات کرنے کی منظوری دی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی رقم فوری طوراشیائے ضروریہ کی خرید میں صرف کی جائے گی تاکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر عوام کو اشیائے ضروریہ کی فوری فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ اس پروگرام کے دوسرے مرحلے میں ان اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ حکومتی اقدام سے مارکیٹ کے مقابلے میں یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن پر فراہم کیے جانے والے گھی دس روپے کم، چینی پانچ سے پندرہ روپے کمی ، آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 40روپے، دال 15سے 20روپے، دال مسور 5سے 20، سفید چنے 5سے 20روپے کم ریٹ پر دستیاب ہوں گے جس سے عوام کو خاطر خواہ ریلیف میسر آئے گا۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر سامان کی خریداری اور فروخت کے پورے نظام کو ڈیجیٹل اور کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لئے آئی بی ایم سے سسٹم خریدا جا رہا ہے جس کی تنصیب کا عمل مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا ، اس نظام کی تنصیب سے خرید و فروخت اور ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی کے پورے نظام کو شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی سٹورز حکومت کے احساس پروگرام کے اشتراک سے غربت کی لکیر سے نیچے اور کم آمدنی والے افراد کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے پروگرام تشکیل دے رہا ہے جس کے تحت احساس سہولت کارڈز کا اجراء کیا جائے گا۔

Related Posts