پاکستان کی ثالثی، امریکا اور ایران کے مابین طویل جنگ ختم، فریقین کے معاہدے پر دستخط

تازہ ترین

تازہ ترین

ایران
(فوٹو: آن لائن)

پاکستان کی سفارتی کاوشیں کامیاب رہیں، امریکا اور ایران نے پاکستان کی ثالثی میں جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کردئیے ہیں، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے مابین 100 روز سے زائد طویل جنگ ختم ہوگئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے بطور ثالث امن معاہدے پر دستخط کی تصدیق کردی۔ 

تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران نے پاکستان کی ثالثی میں تیار کردہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اس موقعے پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنگ بندی معاہدہ دونوں ممالک کے مابین جاری تنازعے کے سفارتی حل کے عزم کا اظہار ہے۔ یادداشت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے دستخط کیے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں بطور ثالث معاہدے کی توثیق کرتا ہوں، جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ معاہدے کے پہلے مرحلے کے طور پر ایران آبنائے ہرمز کو فوری طور پر دوبارہ کھول دے گا جبکہ امریکا بحری ناکہ بندی ختم کردے گا۔ پاکستان اور شریک ثالث قطر 19 جون کو سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں معاہدے کی باضابطہ تقریب کے میزبان ہوں گے۔

دوسری جانب  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاہدہ طے ہوگیا اور پاکستان اور قطر سمیت ثالثوں کے کردار کی تعریف کی۔ خیال رہے کہ ایران اور امریکا کے مابین جنگ کا آغاز رواں برس 28 فروری کو اسرائیل کے حملوں اور امریکا کی پشت پناہی سے ہوا تھا، جس کے بعد آبنائے ہرمز پر بندشوں کے باعث عالمی معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا۔

Related Posts