پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے ملک دشمن عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے گزشتہ 96 گھنٹوں کے مختلف آپریشنز میں بھارتی حمایت یافتہ اور فتنہ الخوارج کے 73 سے زائد دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
آپریشنز میں افغان طالبان حکومت کی مداخلت اور خطرات
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی بیان کے مطابق، دہشت گردی کی ان سرگرمیوں میں افغان طالبان حکومت کی مداخلت اور ملوث ہونا خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ انٹیلی جنس اداروں نے کوئٹہ کے علاقے شابان میں ‘فتنہ الخوارج’ اور ‘فتنہ الہند’ کے متعدد خفیہ ٹھکانوں کا سراغ لگایا تھا جو مقامی آبادی کی سلامتی کے لیے مسلسل خطرہ بنے ہوئے تھے۔
زیارت اور شابان کا گرینڈ آپریشن (33 دہشت گرد ہلاک)
ترجمان پاک فوج کا بتانا ہے کہ 21 ستمبر کو مصدقہ اطلاعات پر زیارت اور اس کے گردونواح میں گرینڈ آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ شابان کے اس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے کئی گڑھ مسمار کر دیے، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارت کے پروردہ 33 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
کارروائیوں کا دائرہ کار وسیع: مزید 23 دہشت گرد ٹھکانے لگائے گئے
آئی ایس پی آر کے مطابق، کارروائیوں کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مزید 23 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے اور ایک بہت بڑے علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرا لیا گیا ہے۔ مقامی شہریوں کو ان فتنہ پرور عناصر کے شر سے نجات دلانے کے بعد یہ عزم دہرایا گیا ہے کہ خطرے کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشنز پوری شدت سے جاری رہیں گے۔
نوشکی اور مند میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں
علاوہ ازیں، 25 ستمبر کو ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے ایک الگ اور کامیاب آپریشن میں مزید 11 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ مند کے علاقے میں بھی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ‘فتنہ الہند’ کے 6 دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور ان کا تمام اسلحہ قبضے میں لے لیا۔
عزمِ استحکام: دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی
مجموعی طور پر پچھلے چار دنوں میں ہونے والے ان سیکیورٹی آپریشنز کے دوران 71 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ “عزمِ استحکام” وژن کے تحت ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل صفایا تک ریاست کی یہ جنگ پوری قوت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








